کلبرگی،4؍اکتوبر (ایس او نیوز؍راست ) جمعہ کی شب ضلع کلبرگی کے تعلقہ جات چیتاپور، جیورگی، یڈرامی سیڑم اور کالگی کے علاوہ کلبرگی شہر میں زبردست موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی مقامات پر تالاب لبالب بھر کر بہہ رہے ہیں اور بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ جمعہ کی رات شدید بارش کے سبب سڑکوں پر موٹر گاریوں کی ٹریفک متاثر ہوگئی تھی۔ برقی سربراہی بھی ساری رات کے لئے مسدود ہوگئی تھی کیوں کہ درخت ٹوٹ کر برقی لائینوں پر گر گئے تھے۔ جیورگی میں طوفانی ہواؤں کے سبب برقی کھمبے گر گئے تھے جس کے باعث رات میں جیورگی ٹاؤن میں برقی سربراہی کو بھال نہیں کیا جاسکا۔ چیتاپور تعلقہ میں واقع گورنمینٹ ہائیر پرائیمری اسکول کی کمپاوئڈ وال اور اس کے بازو کے مکانکی دیوار منہدم ہوچکی ہے۔ چیتاپو،ر مرگول اور کردال دیہاتوں میں مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔